اللہ کی پکڑ کا انتظار
جنوری 2002 کی ایک شام ساڑھے 5 بجے امریکی صدر بش اپنے کمرے میں اپنی پسندیدہ ٹیم کا رگبی میچ دیکھ رہا تھا اور ساتھ پرٹزل کھا رہا تھا۔ پریٹزل کو آپ میدے سے بنے ہوئے چپس سمجھ لیں جو امریکہ میں بطور سنیک بہت مقبول ہیں۔
کمرے میں اس وقت صدر بش کے ساتھ اس کے دو پالتو کتے تھے۔ اچانک صدر بش بیٹھے بیٹھے بے ہوش ہو کر زمین پر گر گیا۔ اس کے کتوں نے زور زور سے بھونکنا شروع کردیا اور فوراً اس کا عملہ کمرے میں آیا اور طبی امداد کا بندوبست کیا۔ چند لمحوں بعد بش کو ہوش آگیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق پریٹزل کھاتے وقت کسی وجہ سے اس کا ایک انتہائی باریک ٹکڑا بش کی سانس کی نالی میں چلا گیا جس سے اس کی سانس معدوم ہوگئی اور دل نے پمپ کرنا بند کردیا جس سے وہ فوری طور پر اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھا۔
ڈاکٹرز کے مطابق پریٹزل کا یہ ایک معمولی ذرہ تھا جس کا سائز چنے کی دال کے دانے سے بھی شاید کم ہوگا۔ یہ وہ وقت تھا جب نائن الیون کے بعد صدر بش نے افغانستان اور عراق پر چڑھائی کا پلان بنا رکھا تھا۔ یہ اللہ کی قدرت تھی کہ اس نے چنے کی دال سے بھی چھوٹے دانے سے دنیا کے طاقتور ترین شخص کو اس کی رعونت سمیت زمین پر گرا دیا اور وہ تقریباً آدھی موت مرگیا۔ آج کئی برسوں بعد بھی جب بش اس واقعے کے بارے میں سوچتا ہے تو اسے جھرجھری آجاتی ہے۔
آج وزیراعظم نوازشریف کے معدے میں درد ہوا اور انہیں ہاسپٹل لے جایا گیا جس سے ملک میں افواہوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے قوم کو " خوشخبری " دی کہ فکر کی بات نہیں، میاں صاحب کے گردے میں ایک معمولی سی پتھری ہے جس پر توجہ دینے کی بھی ضرورت نہیں۔
مریم صاحبہ، چنے کی دال سے بھی چھوٹے ذرے نے امریکی صدر کو زمین پر گرا دیا تھا، آپ کیسے کہہ سکتی ہیں کہ گردے میں چھوٹی سی پتھری کی فکر کی ضرورت نہیں؟
آپ اور آپ کے والد صاحب نے میرے جیسے کروڑوں عوام کے ٹیکسوں کی کمائی سے اپنے محلات اور کاروبار کھڑے کئے، ہمیں غیرمحفوظ بنا کر پروٹوکول اور سیکیورٹی کے نام پر اربوں خرچ کرکے اپنے آپ کو محفوظ بنالیا، عوام کیلئے تو اپنے ملک میں بھی زندگی اجیرن بنا دی اور خود اپنی اولاد کو بیرون ملک شہریت دلوا کر اربوں ڈالر منی لانڈرنگ کے زریعے ان کے حوالے کردیئے۔
مریم صاحبہ، جب اللہ کی پکڑ آتی ہے تو ریت کا ایک ذرہ بھی ایٹم بم بن جاتا ہے، گردے میں موجود پتھری تو بہت بڑی بات ہے۔
آپ صرف اللہ کی پکڑ کا انتظار کریں، جب وہ ہمارے حقوق غصب کرنے والوں کو ان کی تمام تر زیادتیوں اور غرور سمیت خاک میں ملا دے گا۔
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے!!! بقلم خود باباکوڈا
Comments
Post a Comment